گلگت بلتستان میں چار دانش اسکول تکمیل کے آخری مراحل میں پہنچ گئے
گلگت: گلگت و بلتستان میں زیر تعمیر چار دانش اسکول تکمیل کے آخری مراحل میں پہنچ گئے ہیں اور وفاقی حکومت کے مطابق ان میں تدریسی سرگرمیاں اگلے سال شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے ترقیاتی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم، جدید فنی تربیت اور بہتر روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وفاقی بجٹ 2026-27 میں گلگت بلتستان میں دانش اسکولوں کیلئے 4 ارب 27 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے۔ منصوبوں میں سلطان آباد جوتل، شگر، گانچھے، استور اور اسکردو سے متعلق تعلیمی منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔
دور دراز علاقوں کے باصلاحیت بچوں کو معیاری رہائشی اور جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کی صورت میں یہ منصوبہ گلگت بلتستان کے تعلیمی نظام میں اہم اضافہ بن سکتا ہے۔
