محمد علی نے عالمی جوہری سائنس مقابلے میں طلائی تمغہ جیت لیا
لاہور کے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے طالب علم محمد علی نے سعودی عرب کے شہر جدہ میں منعقد ہونے والے تیسرے عالمی جوہری سائنس مقابلے میں طلائی تمغہ جیت کر پاکستان کا نام روشن کردیا۔
اس عالمی مقابلے میں چین، جاپان، روس، ترکی، ملائیشیا، انڈونیشیا اور سعودی عرب سمیت 19 ممالک کے تقریباً 120 طلبہ اور ماہرین شریک ہوئے۔ محمد علی نے انتہائی مشکل سائنسی مقابلے میں بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان کے لیے سب سے بڑا اعزاز حاصل کیا۔
پاکستانی طلبہ کا انتخاب پاکستان جوہری توانائی کمیشن کے تحت کیا گیا تھا جبکہ انہیں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز میں خصوصی تربیت بھی فراہم کی گئی۔ محمد علی کی کامیابی اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ جوہری سائنس دنیا کے مشکل ترین سائنسی شعبوں میں شمار ہوتی ہے۔
محمد علی کی یہ کامیابی پاکستان کے ان طلبہ کے لیے مثال ہے جو طبیعیات، جوہری سائنس اور تحقیق کے میدان میں آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔
