اسکردو میں سرکاری اسکولوں اور کالجوں کی خواتین اساتذہ کی چار روزہ تربیت مکمل
اسکردو: گلگت و بلتستان میں طالبات کی کردار سازی اور خواتین اساتذہ کی تربیت کے لیے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج اسکردو میں چار روزہ بنیادی تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں مختلف سرکاری اسکولوں اور کالجوں کی خواتین اساتذہ نے شرکت کی۔
پاکستان گرل گائیڈز ایسوسی ایشن گلگت بلتستان شاخ کے زیر اہتمام ہونے والی تربیت میں شرکاء کو طالبات میں نظم و ضبط، خود اعتمادی، قائدانہ صلاحیت، باہمی تعاون اور سماجی ذمہ داری پیدا کرنے کے طریقوں سے آگاہ کیا گیا۔
تربیت کاروں نے اساتذہ کو بتایا کہ نصابی تعلیم کے ساتھ طالبات کی عملی زندگی کیلئے تیاری بھی تعلیمی اداروں کی اہم ذمہ داری ہے۔ ایسی سرگرمیاں طالبات کو فیصلہ سازی اور اجتماعی کام میں آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔
اختتامی تقریب میں ڈائریکٹر ایجوکیشن بلتستان ریجن عبد الوہاب میر اور گورنمنٹ ویمن ڈگری کالج اسکردو کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ سلیم نے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔
