سندھ،بورڈ امتحانات 2025 کے لیے نصاب میں 25 فیصد کمی، 75 فیصد سلیبس سے امتحانات لینے کا فارمولہ طے

کراچی۔۔۔محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ طلبا کے سالانہ امتحانات 2025 کے لیے نصاب میں 25 فیصد کمی کرتے ہوئے 75 فیصد سلیبس سے امتحانات لینے کا فارمولہ طے کردیا ہے۔
اس ضمن میں پیر کو ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے اس کا باقاعدہ خاکہ جاری کر دیا گیا ہے۔سلیبس میں 25 فیصد کمی کے فارمولا کا تعین محکمہ تعلیم سندھ کے ذیلی ادارے ڈائریکٹوریٹ آف کریکولم اسسمنٹ اینڈ ریسرچ کی جانب سے کیا گیا ہے جس کے مطابق نویں، دسویں،گیارہویں اور بارہویں جماعت کی تمام فیکلٹیز بشمول سائنس، ہیومینیٹیز، کامرس، جنرل گروپ، پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ کے لیے آغاز سے لے کر 75 فیصد سلیبس تک سے امتحانات لیے جائیں گے۔
اس سلسلے میں تمام تعلیمی اداروں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ موسم سرما کی تعطیلات سے قبل تمام مضامین کا 50 فیصد سلیبس مکمل کرا دیں جبکہ موسم سرما کی تعطیلات کے بعد باقی ماندہ آدھے سلیبس میں سے صرف 50 فیصد کی تدریس ہوگی اور پورے سیشن 2024/25 میں کل سلیبس کا 75 فیصد پڑھایا جائے گا اور اسی کے مطابق امتحانات بھی لیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ یہ فیصلہ 28 نومبر کو منعقدہ اسٹیئرنگ کمیٹی کی سب کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا تھا فیصلے میں کہا گیا تھا کہ چونکہ آئندہ تعلیمی سیشن 2025/26 اب یکم اگست کے بجائے یکم اپریل سے شروع ہونا ہے جبکہ میٹرک کے امتحانات 15 مارچ اور انٹر کے 15 اپریل سے شروع ہونے ہیں اور اس وجہ سے سلیبس کو مختصر کیا جارہا ہے۔